اسلام آباد: خیبر پختون خوا پولیس کے اعلیٰ افسر ایس پی طاہر داوڑ کا جسد خاکی افغانستان نے پاکستان کے حوالے کر دیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شہید ایس پی طاہر داوڑ کا جسد خاکی جلال آباد میں پاکستان قونصل خانے کے اعلیٰ عہداروں کے حوالے کر دیا گیا ہے جو کچھ دیر بعد طورخم بارڈر پہنچایا جائے گا۔
دوسری جانب سی سی پی او پشاور قاضی جمیل کا کہنا ہے کہ جب تک لاش نہیں مل جاتی طاہر داوڑ کی شہادت کی تصدیق نہیں کر سکتے۔ سوشل میڈیا کے زریعے معلومات مل رہی ہیں اور ہماری ٹیم افغان بارڈر پر موجود ہے جب لاش ملے گی تو خیبرپختونخوا پولیس بیان جاری کرے گی۔
واضح رہے کہ طاہر داوڑ کو گزشتہ ماہ اسلام آباد کے علاقے جی ٹین فور سے اغوا کیا گیا تھا جب کہ گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر خبریں اور تصاویر گردش کر رہی ہیں کہ ایس پی طاہر داوڑ کو افغانستان میں قتل کر دیا گیا ہے۔