کراچی: بینکنگ کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں گرفتار اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید کو 20 نومبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔کراچی کی بینکنگ کورٹ میں اومنی گروپ کی قرض کے بدلے رہن رکھی گئی چینی غائب ہونے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے سلسلے میں اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید کے تین بیٹے، اومنی گروپ کے ڈائریکٹرز اور دیگر افسران عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت میں قومی ادارۂ برائے امراض قلب کی جانب سے انور مجید کی صحت سے متعلق میڈیکل رپورٹ پیش کی گئی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انور مجید کے دل کا والو بند ہے اور انہیں ڈی پولر ڈس آرڈر کی بیماری ہے۔
رپورٹ پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ انور مجید کو کوئی ایسی بیماری نہیں جس کے باعث وہ عدالت میں پیش نہ ہو سکیں۔ یہ ایسی بیماریاں ہیں جو پاکستان میں ہر چوتھے آدمی کو ہوتی ہیں۔
عدالت نے 20 نومبر کو آئندہ سماعت پر انور مجید کو پیش کرنے کا حکم دیا اور ڈاکٹر کو بھی عدالت آنے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 20 نومبر تک ملتوی کر دی۔