فیصل آباد، مشتعل وکلاء کی سیشن کورٹ اور ڈی سی آفس میں گھس کر ہنگامہ آرائی

12:31 PM, 14 Nov, 2018

فیصل آباد: ہائیکورٹ بینچ کے قیام کے لیے احتجاج کے دوران وکلا نے سیشن کورٹ میں توڑ پھوڑ کی جب کہ ڈی سی آفس میں گھس کر زبردستی اجلاس بھی ختم کرا دیا۔

فیصل آباد کے یونیورسٹی روڈ پر وکلاء نے ہائیکورٹ بینچ کے قیام کے لیے احتجاج کیا اور اس دوران مشتعل وکلاء سیشن کورٹ کے احاطے میں ہنگامہ آرائی پر اتر آئے اور توڑ پھوڑ شروع کر دی۔

وکلاء نے عدالتی کارروائی کا مکمل بائیکاٹ کیا اور سیشن کورٹ کے داخلی دروازے کو تالے لگا کر بند کر دیا جب کہ سائلین کو بھی آنے سے روک دیا۔

مشتعل وکلاء احتجاج کرتے ہوئے قریب ہی موجود ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں بھی گھس گئے جہاں ہنگامہ آرائی کی۔

اس دوران جب وکلاء کو علم ہوا کہ ڈی سی او دفتر میں موجود نہیں اور ساتھ ہی کمیٹی روم میں اجلاس میں مصروف ہیں تو وکلاء کا ایک گروپ کمیٹی روم میں بھی جا گھسا اور اجلاس کے دوران ہنگامہ آرائی کی۔

وکلاء کی ہنگامہ آرائی پر کمیٹی روم میں خواتین سمیت دیگر اسٹاف خوفزدہ ہو گیا جب کہ وکلاء نے ڈپـٹی کمشنر کی زیر صدارت ہونے والا اجلاس زبردستی ختم کرا دیا۔

مزیدخبریں