اسلام آباد: یورپی پارلیمنٹ کے صدر انٹونیو ٹیجانی نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کر کے توہین رسالت کے مقدمے میں بری ہونے والی آسیہ بی بی سمیت بین المذاہب ہم آہنگی کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔
انٹونیو ٹیجانی نے وزیراعظم عمران خان کو بتایا کہ یورپی پارلیمنٹ نےآسیہ بی بی کے معاملے پر بحث ملتوی کر دی ہے جب کہ وزیراعظم عمران خان نے ایک دوسرے کے مذاہب جذبات کے احترام کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے بین الثقافتی، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ڈائیلاگ پر بھی زور دیا۔ صدر یورپی پارلیمنٹ نے کہا کہ حکومت پاکستان سے تعاون جاری رکھا جائے گا۔
عمران خان نے صدر یورپی پارلیمنٹ سے کہا کہ حکومت آسیہ بی بی کے معاملے پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہونے کے ناطے آسیہ بی بی اور اس کے خاندان کو تمام حقوق حاصل ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے گستاخانہ خاکوں پر حکومت اور پاکستانی عوام کے سخت تحفظات سے بھی صدر یورپی پارلیمنٹ کو آگاہ کیا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ گستاخانہ خاکوں جیسے واقعات کی روک تھام کے لیے یورپی ممالک میں کوششیں دگنی کی جائیں۔ گستاخانہ خاکوں پر یورپی ممالک کو مسلمانوں کی مذہبی حساسیت سے آگاہی دی جائے۔