ممبئی©: بالی و وڈ کی ڈرٹی گرل ودیا بالن کو اپنے بڑھتے ہوئے وزن پر عجیب و غریب سوال کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ تاہم انہوں نے نہایت تحمل سے اس کا جواب دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پریس کانفرنس کے دوران رپورٹر نے ودیا بالن سے سوال کیا کہ ”کیا وہ اسی طرح خواتین کے گرد گھومنے والی فلمیں کرتی رہیں گی یا پھر وزن کم کرکے گلیمرس کردار ادا کرنے کے بارے میں سوچیں گی؟“اس سوال پر ودیا پہلے تو کچھ دیر کے لیے حیران پریشان رہ گئیں، تاہم انہوں نے جواب دیا کہ ان دونوں باتوں کے درمیان کوئی تعلق نہیں ہے اور یہ کہ وہ اپنے کام سے مطمئن ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کو وزن کی زیادتی کے حوالے سے اپنا مائنڈ سیٹ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایک موقع پر ودیا نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں کئی مرتبہ وزن کی زیادتی وجہ سے فلموں کے لیے مسترد کیا گیا، جس کے بعد انہوں نے سخت محنت کرکے اپنا وزن کم کیا، لیکن ایک بار پھر ان کا وزن بڑھ گیا ہے کیوں کہ ان کی جسمانی ساخت اور بناوٹ ہی ایسی ہے۔ودیا بالن ان دنوں اپنی فلم 'تمہاری سلو' کی تشہیر میں مصروف ہیں۔