کوالالمپور:انڈر 19 ایشیاکرکٹ کپ میں دفاعی چیمپیئن بھارت کی ٹیم کو نیپال کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔یہ ٹورنامنٹ کا بڑا اپ سیٹ تھا جس میں نیپال نے دپندر سنگھ کی عمدہ آل راؤنڈر کاردگی کی بدولت بھارت کو 19 رنز سے شکست دی ۔بھارتی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی کوچنگ اس وقت عظیم بلے باز راہول ڈریوڈ کر رہے ہیں ۔ میچ ہارنے کے بعد راہول ڈریوڈ مخالف ٹیم کے ڈریسنگ روم تک پہنچ گئے اور انہیں مبارکباد دی ۔
ایشیا کپ کے میچ میں 19رنز سے اپ سیٹ فتح حاصل کرنے والی ٹیم کے کھلاڑی ہندوستانی ٹیم کے کوچ کو اپنے ڈریسنگ روم میں دیکھ کر حیران رہ گئے اور سب نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔ ڈریوڈ نے عمدہ کھیل پر ان کی تعریف کی اور اپنے نیپالی ہم منصب کو ٹیم کی فتح پر مبارک دی۔ انہوں نے خاص طور پر نیپالی آل راونڈر دپندر سنگھ کے کھیل کو سراہا جن کی بیٹنگ اور بولنگ اس میچ میں واضح فرق ثابت ہوئی۔