'رحیم سواتی نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے زریعے پروین رحمٰن کو قتل کروایا'

08:50 AM, 14 Nov, 2017

کراچی: کراچی میں اورنگی ٹاون پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمٰن کے قتل کی تحقیقات میں مزید انکشافات سامنے آ گئے کہ انہیں اجرتی قاتلوں نے 40 لاکھ روپے کے عوض قتل کیا۔ پروین رحمٰن کے قتل میں گرفتار ملزم امجد حسین جے آئی ٹی کو دیے گئے بیان میں انکشاف کیا کہ ایک سیاسی جماعت کے عہدیدار پروین رحمٰن سے زمین مانگ رہے تھے اور انکار پر کالعدم تنظیم کو پیسے دے کر انہیں قتل کروا دیا گیا۔ ڈائریکٹر اورنگی پائلٹ پروجیکٹ پروین رحمٰن قتل کیس میں گرفتار ملزم امجد حسین عرف امجد آفریدی نے جے آئی ٹی کے سامنے ایسے سنسنی خیز انکشافات کیے کہ تفتیش نے نیا رخ اختیار کر لیا۔

ملزم کے مطابق اس کیس میں پہلے سے گرفتار ملزم رحیم سواتی اور عوامی نیشنل پارٹی کے علاقائی عہدیدار ایاز سواتی پروین رحمٰن سے علاقے میں جِم کھولنے کے لئے زمین مانگ رہے تھے۔ پروین رحمٰن کے انکار پر جنوری 2013 میں رحیم سواتی کے گھر پروین رحمٰن کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا جس میں ملزم امجد حسین، ایاز سواتی ، رحیم سواتی اور احمد عرف پپو شامل تھے۔

قتل کے لئے رحیم سواتی نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے موسٰی اور محفوظ اللہ عرف بھالو نامی دو علاقائی عہدیداروں سے رابطہ کیا جو 40 لاکھ روپے کے عوض پروین رحمٰن کو قتل کرنے کے لیے تیار ہو گئے۔ امجد حسین اور دیگر ملزمان نے دو ماہ تک پروین رحمان کی ریکی بھی کی جس کی تفصیلات کالعدم تنظیم تک پہنچائی جاتی رہی ۔

موسیٰ اور بھالو نے 23 مارچ 2013 کو پروین رحمٰن کو قتل کر دیا۔ ملزم امجد حسین نے جے آئی ٹی کو بتایا کہ رحیم سواتی کی جانب سے 40 لاکھ روپے نہ دینے پر کالعدم تنظیم نے رحیم سواتی کے گھر دستی بم حملہ بھی کیا تھا۔

پولیس نے 18 مارچ 2015 کو مانسہرہ سے قتل میں ملوث مرکزی ملزم احمد خان عرف پپو کشمیری کو گرفتار کیا تھا جبکہ پھر آٹھ ماہ قبل منگھو پیر سے رحیم سواتی کی گرفتاری بھی عمل میں آئی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں