12ربیع الاوّل پر ایک نہیں دو نہیں بلکہ کتنی چھٹیاں ہو سکتی ہیں؟

 12ربیع الاوّل پر ایک نہیں دو نہیں بلکہ کتنی چھٹیاں ہو سکتی ہیں؟

کراچی: 12ربیع الاول کے موقع پر ایک اورسرکاری چھٹی کا دن قریب آرہا ہے ۔ربیع الاول کا چاند20نومبر پیر کونظرآنے کا امکان جبکہ عیدمیلادالنبی یکم دسمبرکوہوگی۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ 18نومبر 2017 کو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق سہ پہر 4بجکر42 منٹ پر پیدا ہوگا۔

اتوار 19 نومبر بمطابق 29 صفر المظفرکی شام پنجاب اور خیبر پختونخوا میں چاند دکھائی دینے کاکوئی امکان نہیں ہے ۔اس ضمن میں رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کے جنرل سیکرٹری خالد اعجاز مفتی نے بتایاکہ بلوچستان اور سندھ کے اکثر علاقوں میں مطلع صاف ہونے کی صورت میں چاند نظر آنے کا واضح امکان ہے ۔ اس طرح عیدِ میلاد النبی جمعۃ المبارک یکم دسمبر کو ہونےکا امکان ہے۔ واضح رہے کہ اسلامی سال کا تیسرا مہینہ ربیع الاول مبارک ہے۔ اس کی وجہ تسمیہ یہ ہے کہ جب ابتداء میں اس کا نام رکھا گیا تو اس وقت موسم ربیع یعنی فصل بہار کا آغاز تھا۔

یہ مہینہ فیوضات و برکات کے اعتبار سے افضل ہے کہ باعث تخلیق کائنات رحمۃ اللعالمین احمد مجتبیٰ محمد مصطفی علیہ الصلوٰۃ والسلام نے دنیا میں قدم رنجہ فرمایا۔ 12 ربیع الاول شریف بروز پیر، مکۃ المکرمہ کے محلہ بنی ہاشم میں آپ کی ولادت باسعادت صبح صادق کے وقت ہوئی۔ 12 ربیع الاول ہی میں آپ ہجرت فرما کر مدینہ منورہ تشریف لائے۔ اسی ماہ کی 10 تاریخ کو محبوب کبریا صلی اللہ علیہ وسلم نے ام المؤمنین سیدہ حضرت خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے نکاح فرمایا تھا۔

مشائخ عظام اور علمائے کرام فرماتے ہیں کہ حضور پر نور شافع یوم النشور صلی اللہ علیہ وسلم کا وقت ولادت باسعادت لیلۃ القدر سے بھی افضل ہے۔