پاکستان ریلویز کی ویب سائٹ پر بھارتی ہیکرز کے حملے

10:33 PM, 14 Nov, 2016

لاہور: بھارتی ہیکرز نے پاکستان ریلیز کی جانب سے نئے ای ٹکٹنگ سسٹم متعارف کرائے جانے کے بعد ریلوے کی ویب سائٹ پر حملوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔ڈائریکٹر آئی ٹی ریلوے فہد رحمن نے ایک نجی ٹی وی کو بتایا کہ گذشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران ریلوے کی ویب سائٹ کو 2 لاکھ مرتبہ ہیک کرنے کی کوشش کی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ حملے ای ٹکٹنگ کا سسٹم 3 اکتوبر 2016 متعارف کرائے جانے کے بعد شروع ہوئے، 'یہ سوفٹ وئیر پاکستان ریلوے نے خود بنایا ہے'۔

انھوں نے کہا کہ جس روز سے ریلوے نے اپنا آن لائن ٹکٹنگ کا نظام متعارف کرایا اس پر سب زیادہ آن لائن ٹریفک بھارت سے آرہا ہے اور اسی دوران انڈین ہیکرز نے ریلوے کی ویب سائٹ کو 2 لاکھ مرتبہ ہیک کرنے کی کوشش کی ہے تاہم وہ ناکام رہے۔ریلوے کے ای ٹکٹنگ سسٹم کی سیکیورٹی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر فہد رحمن نے بتایا کہ پاکستان ریلوے کی جانب سے بنایا گیا سافٹ وئیر مکمل طور پر محفوظ ہے جبکہ ای ٹکٹنگ سسٹم کی سیکیورٹی کا معیار بہترین ہے۔فہد رحمن کا کہنا تھا کہ ای ٹکٹنگ کے ذریعے ریلوے کا نظام مزید مضبوط ہوجائے گا اسی لیے بھارتی ہیکرز اسے نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ای ٹکٹنگ سسٹم سے اب تک 8000 سے 10000 کے قریب صارفین فائدہ اٹھا چکے ہیں۔ڈائریکٹر آئی ٹی ریلویز کا کہنا تھا کہ صارفین کو ابتدائی طور پر 10 ٹرینوں میں سفر کیلئے ای ٹکٹنگ کے ذریعے لاہور، راولپنڈی، ملتان اور کراچی میں آن لائن ٹکٹنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آئندہ 6 ماہ میں ای ٹکٹنگ کا نظام ملک کے دیگر تمام شہروں میں متعارف کرادیا جائے گا۔واضح رہے کہ پاکستان ریلویز کی جانب سے متعارف کرائے گئے ای ٹکٹنگ سسٹم کے ذریعے آپ گھر بیٹھے آن لائن اپنا ٹکٹ حاصل کرسکتے ہیں اور اس سسٹم کو یو بی ایل اومنی کے ذریعے منسلک کیا گیا ہے، جہاں رقم کی ادائیگی کے بعد آپ کے ٹکٹ کی تصدیق کردی جائے گی۔پاکستان ریلویز کے حکام نے بتایا کہ رقم کی ادائیگی کے بعد صارف کو ان کے موبائل پر ایک تصدیقی پیغام بھیج دیا جائے گا.

مزیدخبریں