موجودہ حکومت کے ہنی مون اور کام کرنے کا وقت گزر چکا اب اعلانات کی بجائے اقدامات کرے ،سراج الحق

10:20 PM, 14 Nov, 2016

اسلام آباد :  امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے ہنی مون اور کام کرنے کا وقت گزر چکا ہے اب اعلانات کی بجائے اقدامات کرے حکومت خود نہیں چاہتی کہ 2018تک پہنچے حکومت ایک پہیہ پر سائیکل چلانا چاہتی ہے جو ایک پہیہ پر سائیکل چلاتا ہے وہ گر جاتا ہے حکومت اپوزیشن کو دیوار کے ساتھ لگانا چاہتی ہے جو نقصان دہ ثابت ہو گا.

ایک نجی ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے کمیشن بنانا ہی تھا تو اسے اپوزیشن کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا کمیشن ایسا ہونا چاہیے جو با اختیار بھی ہو میں سمجھتا ہوں کمیشن کے قانون کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے یہ ایک ایسا کمیشن ہے جسکے کوئی دانت نہیں کہ کچھ چبا سکے اپوزیشن ایک آئینہ ہے جسے دیکھ کر حکومت کو اپنے چہرے کے دھبے نظر آتے ہیں اپنے دھبوں کو صاف کرنے کے لیے آئینہ توڑا جا رہا ہے جو مناسب نہیں ہے جس حکومت نے بھی اپوزیشن کو ختم کرنے کی کوشش کی اس کا اپنا وقت کم پڑ گیا انہوں نے کہا کہ پارلیمینٹ میں اپوزیشن کا بہت سے ایشو پر اتفاق ہے تاہم بعض ایشو پر ان کا اپنا اپنا موقف ہے اگر اپوزیشن کے بنائے ہوئے ٹی او آرز پر کمیشن بنایا جاتا تو حکومت کو آج یہ دن دیکھنا نہ پڑتے اگر کمیشن 1956کے آئین کے مطابق بنائے تو وہ نامکمل اور کمزور ہیں ہم کوشش کریں گے کہ آئندہ قومی اسمبلی اور پارلیمینٹ کے اجلاس میں قومی اور ملکی اہم ایشو پر اپوزیشن کا موقف ایک ہو پاناما لیکس کا سکینڈل سامنے آنے پر وزیر اعظم کو سیاسی اور اخلاقی طور پر استعفٰی دے دینا چاہیے تھا .

پاناما لیکس میں جتنے لوگوں کے نام ہیں انہیں اس وقت تک اپنے منصبوں سے علیحدہ ہوجانا چاہیے جب تک وہ کلیئر نہ ہو جائیں کرپشن نے پاکستان کو متاثر کیا ہے. کرپٹ لوگوں کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں اڈیالہ جیل میں دیکھنا چاہتے ہیں حکومت کے تین سال گزر چکے ہیں وہ اپنے منشور پر عمل نہیں کر سکی مسائل جوں کے توں ہیں حکومت اعلانات کی بجائے اقدامات کرے ہم نے حکومت کی مدت چار سال کرنے کا مطالبہ اسلیے کیا ہے کہ اگر حکومت ڈلیور نہیں کر رہی تو قوم کے پانچ سال کیوں ضائع ہوں ?

حکومت نے کشمیر کے معاملے کو بھی ترجیح نہیں دی بھارتی فوجی لوگوں کو قتل کر رہے ہیں اور ہم انہیں ساڑھیاں بھیج رہے ہیں. برہان وانی کی شہادت پر ہم نے کشمیریوں سے یکجہتی کا مظاہرہ کیا کشمیر پر حکومت کا بھیجا گیا کمیشن کمزور تھا ہم غریب آدمی کو طاقتور دیکھنا چاہتے ہیں ہم سب کو ایک قوم بن کر پاکستان کے لیے کام کرنا چاہیے اگر ملک میں بہتری کا سفر جاری ہے تو اسکا درست اندازہ عوام ہی لگا سکتے ہیں. ہمیں آرمی چیف اور فوج کو زیر بحث نہیں لانا چاہیے افسوس ہے کہ ہر ٹی وی چینل پر فوج کو زیر بحث لایا جاتا ہے اس سے فوج کا مورال گر جاتا ہے. خیبرپختونخوا میں اچھائی کی طرف سفر جاری ہے اس کا صحیح فیصلہ عوام کر سکتے ہیں .عمران نے اعلان کیا اور حکومت نے اس کے اقدامات کیے اپنی گود میں بلی کتے پالنے والوں کو عوامی مسائل کا اندازہ نہیں ہو سکتا.سراج الحق نے کہا کہ قومی سیاست میں سب پارٹیاں آزاد ہیں احتجاج جلسے جلوس کرنا ہر سیاسی جماعت کا جمہوری حق ہے حکومت کو پرامن مظاہرین پر تشدد نہیں کرنا چاہیے فیصلے چوک چوراہوں پر نہیں عدالت میں ہونے چاہیں ملک کے سنجیدہ سیاسی مسائل عدالت کو حل کرنے چاہیں عدالت مضبوط ہے انصاف ضرور کرے گی. انہوں نے کہا کہ 35سال افغانوں نے پاکستان میں گزارے انہیں عزت سے واپس بھیجیں غریب افغان خاتون کو جرمانہ کرنا جائز نہیں تھا شربت گلہ کو گرفتار کرنا بھی بہتر عمل نہیں تھا۔
موجودہ حکومت کے ہنی مون اور کام کرنے کا وقت گزر چکا اب اعلانات کی بجائے اقدامات کرے ،سراج الحق

مزیدخبریں