وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا چین کے سفیر سن ویڈانگ اور چینی قونصل جنرل یو بورن کو ٹیلی فون

06:32 PM, 14 Nov, 2016

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پاکستان میں تعینات چین کے سفیر سن ویڈانگ اور چینی قونصل جنرل یو بورن کو ٹیلی فون کیااور سی پیک کے تحت گوادر بندرگاہ سے پہلے تجارتی قافلے کی روانگی کے تاریخی موقع پر چین کے سفیر اور قونصل جنرل کو مبارکباد دی۔

چینی سفیر اور قونصل جنرل نے بھی اس تاریخ ساز موقع پر وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ ایک تاریخی موقع ہے اور پوری پاکستانی قوم سی پیک کو عملی شکل دینے پر مبارکباد کی مستحق ہے۔وزیر اعلی نے چینی سفیر اور قونصل جنرل سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین ترقی و خوشحالی کے سفر کے مضبوط شراکت دار بن چکے ہیں اورگوادر بندرگاہ سے پہلے تجارتی قافلے کی روانگی سے سی پیک کا خواب عملی شکل اختیار کر گیا ہے ۔سی پیک کو تیزی سے آگے بڑھانے کیلئے پاکستانی اور چینی قیادت نے بے پناہ محنت کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ سے تجارتی بحری جہازوں کی روانگی سے عظیم خواب کو تعبیر ملی ہے۔پاکستان کے 20کروڑ عوام چین کے عظیم الشان پیکیج کو کبھی بھلا نہیں سکتے ۔چینی سفیرنے وزیر اعلی شہباز شریف اور پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گوادر سے پہلے تجارتی قافلے کی روانگی سے سی پیک حقیقت کا روپ دھار گیا ہے اور ترقی و خوشحالی کے اس سفر میں پاکستان اور چین ملکر چل رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف نے سی پیک کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے انتھک محنت کی ہے ۔چینی قونصل جنرل نے کہا کہ پنجاب میں بھی سی پیک کے منصوبوں کو جس رفتار اور معیار سے آگے بڑھایا جا رہا ہے اس کا کریڈٹ وزیر اعلی شہباز شریف کو جاتا ہے ۔

مزیدخبریں