جاپان میں پودے اگانے والا اخبار تیار کر لیا گیا

خبار شائع کرنیوالے ادارے نے کی جنہوں نے اپنے اخبار کو ایسے کاغذ پر چھاپنا شروع کیا جو پودے اگا سکتا ہے

05:14 PM, 14 Nov, 2016

نیوویب ڈیسک

لاہور : ماحول کو بچانے کیلئے کام کرنیوالے افراد بہت سے حیرت انگیز کام سر انجام دیتے ہیں جس سے ایک طرف تو وہ جدید دور کی انسانی ضروریات کو پورا کرتے ہیں تو دوسری طرف وہ ماحول کو بھی فائدہ پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایسی ہی ایک کوشش جاپان کے ایک اخبار شائع کرنیوالے ادارے نے کی جنہوں نے اپنے اخبار کو ایسے کاغذ پر چھاپنا شروع کیا جو پودے اگا سکتا ہے۔ آپ کو علم ہوگا کہ کاغذ درختوں میں موجود خاص قسم کی گوند سے تیار کیے جاتے ہیں۔ کاغذوں کا ایک دستہ جس کا وزن ایک ٹن ہو اسے بنانے کیلئے 12 درخت کاٹے جاتے ہیں۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق کاغذ بنانے کیلئے ہر سال پوری دنیا میں 3 سے 6 ارب درخت کاٹے جاتے ہیں ، ان تشویش کن اعداد و شمار کو دیکھتے ہوئے جاپانی اشاعتی ادارے نے یہ قدم اٹھایا جس کے بعد اب قارئین پڑھنے کے بعد اخبار کو گملوں اور مٹی میں دبا دیتے ہیں اور چند ہی دن بعد وہاں لہلہاتے پھول اگ آتے ہیں۔ اشاعتی ادارے نے اس خیال پر عملدر آمد کرنے کیلئے اپنے کاغذ کو بنواتے ہوئے اس میں بیجوں کی آمیزش شروع کر دی۔ اخبار کی اشاعت کیلئے جو سیاہی استعمال کی جاتی ہے اس میں سبزیوں کو ملایا جاتا ہے جس کے بعد یہ قدرتی کھاد کا کام انجام دیتی ہیں۔ اس اخبار کو پڑھنے کے بعد لوگ اپنے گھر میں موجود پودوں اور باغیچوں میں اسے دفن کردیتے ہیں اور چند ہی روز بعد اس اخبار کی بدولت خوشنما پھول اور پودے اگ آتے ہیں۔

مزیدخبریں