انسانی آواز کی ہو بہو نقل کرنےوالا سافٹ وئیر تیار

11:41 AM, 14 Nov, 2016

سان ڈیاگو: مشہور امریکی سافٹ ویئر کمپنی ’’ایڈوبی‘‘ نے  ایک کانفرنس کے دوران اپنےنئے آڈیو ایڈیٹنگ سافٹ ویئر کا عملی مظاہرہ کیا ہے جو کہ انسانی آواز کی ہو بہو نقل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔مشہور  گرافک سافٹ ویئر ’’فوٹو شاپ‘‘ اور ویڈیو ایڈیٹنگ ٹُول ’’پریمیئر‘‘ کی تخلیق کا سہرا بھی اسی کمپنی کے سر ہے۔

اس سافٹ ویئر کا منصوبہ جسے ’’پروجیکٹ ووکو‘‘ (Project VoCo) کا نام دیا گیا ہے، ایڈوبی کمپنی اور پرنسٹن یونیورسٹی کی تحقیقی ٹیموں کے اشتراک سے جاری ہے اور اسے ’’آڈیو ایڈیٹنگ کا فوٹوشاپ‘‘  کا نام بھی  دیاگیا ہے۔

بنیادی طور پر یہ مصنوعی ذہانت رکھنے والا ایک سافٹ ویئر ہے جو کسی شخص کی 20 منٹ تک گفتگو ریکارڈ کرکے اسے تحریر (ٹرانسکرپٹ) میں تبدیل کرتا ہے اور آواز کو صوتی اکائیوں (phonemes) میں تبدیل کرکے محفوظ کرلیتا ہے۔ اس طرح یہ آواز کو ’’کٹ، کاپی اور پیسٹ‘‘ کی طرز پر نہ صرف ایڈٹ کرنے کی صلاحیت رکھتا  ہے بلکہ ضرورت پڑنے پر آڈیو کلپ میں ٹھیک اُسی آواز اور اسی لب و لہجے میں مزید جملے بھی شامل کرسکتا ہے؛ جنہیں سننے کے بعد یہ گمان بھی نہیں ہوسکتا کہ یہ آواز اصل میں اسی شخص کی ہے یا کوئی سافٹ ویئر استعمال کرتے ہوئے شامل کی گئی ہے۔

ایڈوبی کمپنی کے مطابق یہ منصوبہ ابھی زیرِتکمیل ہے اس لئے وہ اس کے اجراء کی تاریخ اور ممکنہ قیمت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتی۔ لیکن انٹرنیٹ صارفین  کا کہنا ہے کہ اس سافٹ ویئر کا غلط استعمال خطرناک نتائجکا موجب بھی بن سکتا ہے کیونکہ اسے استعمال کرتے ہوئے بالکل اصل جیسی جعلی آڈیو کلپس بھی تیار کی جاسکیں گی جنہیں پکڑنا بہت مشکل ہوگا۔

یہخدشہ کواس لئے بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا کیونکہ پہلے ہی ایڈوبی فوٹوشاپ استعمال کرتے ہوئے انٹرنیٹ پر جعلی تصاویر کی  بھرمار ہوچکی ہے۔ اس کے باوجود، سہولت کے ساتھ معیاری آڈیو ایڈیٹنگ کی صلاحیت اور بھی بہت سے فائدوں کا باعث بن سکتی ہے جو  کہ تا حال ممکن نہیں۔

مزیدخبریں