نیویارک: گزشتہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب امریکی ریاست میساچوسٹس کے ایک قصبے ویسٹ برانسٹیبل میں سیموئیل اور رونان نامی جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی۔
اگرچہ سیموئیل کی پیدائش پہلے ہوئی تھی مگر برتھ سرٹیفکیٹس میں رونان کو بڑا قرار دیا گیا جو کہ الجھا دینے والا تھا۔مگر اس کی وجہ امریکا میں ڈے لائٹ سیونگ ٹائم کے لیے گھڑیوں کو پیچھے کرنا بنا۔سیموئیل کی پیدائش 1:39 منٹ پر ہوئی جبکہ رونان 31 منٹ بعد یعنی 2:10 پر پیدا ہوا، مگر چونکہ 2 بجے کے بعد گھڑیوں کو ایک گھنٹہ پیچھے کردیا گیا لہذا رونان کی پیدائش کا سرکاری وقت 1:10 تھا اور اس طرح وہ 'بڑا' بھائی بن گیا۔
والدین نے ان دونوں کی تصویر بھی فیس بک پر اس پہیلی کے ساتھ شیئر کی 'سیموئیل کی پیدائش پہلے ہوئی مگر اس کا جڑواں بھائی رونان بڑا ہے، ایسا کیسے ممکن ہوا؟'بعد ازاں جواب بھی بتا دیا گیا جو اوپر درج کیا جاچکا ہے۔بچوں کے والد سیٹھ پیٹرسن نے فیس بک پر لکھا 'میں پہلے کہہ چکا تھا کہ رات کو پیدائش کی صورت میں دونوں کی تاریخ پیدائش مختلف ہوسکتی ہے یا وقت میں تبدیلی کچھ نہ کچھ حیرت انگیز اثرات مرتب کرے گی'۔ مقامی ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ ان کے 40 سال سے زائد کے پیشہ وارانہ کیرئیر میں ایسا واقعہ پہلی بار دیکھنے میں آیا ہے۔