اسلام آباد: سیالکوٹ میں پی ٹی آئی کی جانب سے گرجا گھر کی جگہ جلسہ کرنے پروزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خاں نے اپنے بیان میں کہا کہ خونی مارچ والوں نے آج سیالکوٹ میں گرجا گھر پر حملہ کیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران نیازی پہلے توہین مسجد نبوی کا مرتکب ہوا اور آج اس نےگرجاگھرکوجلسہ گاہ بنانے کی کوشش کرکےمسیحی برادری کے مذہبی جذبات کواکسایاہے۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کا نام لیکر اپنی سیاسی دکان چمکانے والا عمران نیازی ملک میں مذہبی انتشار پھیلا رہا ہے۔ عمران نیازی ریاست پاکستان کے لئے خطرہ بن چکا ہے۔ اس کے شر سے نہ کوئی ادارہ محفوظ ہے اور نہ کوئی مسجد اورکوئی گرجا گھر۔گرجا گھر کی جگہ جلسہ کرکے فسطائی ذہنیت کا بنی گالا میں بیٹھا ہوا ایک شخص مسیحی برادری پر اپنی حاکمیت جتانا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اپنی اس مذموم حرکت سے مذہبی اقلیتوں کا کیا پیغام دینا چاہتا ہے۔ریاست ہر صورت اپنی اقلیتوں کا تحفظ کرے گی اور انکے مذہبی مقامات کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں ہونے دیگی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ چرچ کی جگہ کو سیاسی جماعت کے جلسہ گاہ کی اجازت نہ دینے کے مسیحی برادری کے فیصلے کو ریاستی تحفظ دینا قانونی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ریاست پاکستان کسی بھی جماعت کو دھونس اور زبردستی سے ملک میں ملوکیت نافذ کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دے سکتی۔میں عمران نیازی کو خبردار کرتا ہوں کہ ملک کے کسی بھی حصے میں نقص امن پیدا کرنے کی صورت میں قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔