لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے اجازت کے بغیر ہونے والے پی ٹی آئی جلسے کی تیاریوں کو رکوانے والے ڈی پی او کو شاباشی دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مریم نواز نے ڈی پی او حسن کی ویڈیو بھی شیئر کر دی جس میں انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے اقدام کو سراہتے ہوئے ڈی پی او کو شاباشی دی ۔
مریم نواز نے اس سے پہلے اپنے ٹوئٹ میں پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اپنی بے مقصد کی سیاست اور فتنے بازی کہیں اور جا کر کرو۔ اسکے لیے پورے سیالکوٹ میں چرچ کے علاوہ اور کہیں جگہ نہیں ملی ؟
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی اولین ذمے داری،پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے حقوق کی رکھوالی ہے۔کئی دنوں سے مسیحی برادری اس بات پر سراپا احتجاج ہے کہ چرچ کی گراونڈ میں جلسہ انکی عبادت گاہ کی توہین ہے۔ جلسہ کرنا تمھارا حق ہے، مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا نا تمھارا حق ہے نا تمھیں اس کی اجازت ہوگی۔
واضح رہے کہ مسیحی کمیونٹی کی جانب سے جلسہ گاہ کیلئے چرچ کی جگہ کا انتخاب کیے جانے پر ضلعی انتظامیہ سے احتجاج کیا گیا تھا۔ جس کے بعد پی ٹی آئی کو جلسہ کیلئے اجازت نہیں دی گئی تھی، جلسے کو اجازت نہ ملنے کے باوجود تیاریاں کرنے پر پولیس کریک ڈاؤن کے ذریعے رکوا دیا گیا تھا جبکہ پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار، اسجد علی ملہی سمیت درجنوں کارکنوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا۔