پی ٹی آئی نے سیالکوٹ جلسہ کا مقام تبدیل کر لیا

12:57 PM, 14 May, 2022

نیوویب ڈیسک

سیالکوٹ: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مسیحی برادری کی جانب سے چرچ کی جگہ پر جلسہ کی اجازت نہ ملنے پر سیالکوٹ جلسہ کیلئے مقام تبدیل کر لیا۔

سیالکوٹ میں پی ٹی آئی پنجاب کے صدر شفقت محمود نے سینیٹر اعجاز چوہدری، فردوس عاشق اعوان اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ  پریس کانفرنس کرتے ہوئے جلسہ  کیلئے مقام تبدیل کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ جلسہ کرنا ہمارا حق ہے اور سیالکوٹ میں ہر صورت جلسہ کریں گے۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے آج سیالکوٹ کے سی ٹی آئی گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان کیا تھا تاہم مسیحی برادری  نے چرچ کی جگہ پر جلسہ کرنے پر احتجاج کیا تھا جس  کے باعث  ضلعی انتظامیہ نے انہیں جلسے کی اجازت نہیں دی تھی۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے باوجود تحریک انصاف کی جانب سے سی ٹی آئی گراؤنڈ میں جلسے کی تیاریاں جاری تھیں جس پر پولیس نے کریک ڈاؤن کیا اور پی ٹی آئی رہنما  عثمان ڈار ، علی اسجد ملہی سمیت  درجنوں کارکنوں کو گرفتار کر لیا تھا۔ 

مزیدخبریں