منی لانڈرنگ کیس: وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب کی عبوری ضمانتوں میں 21 مئی تک توسیع

12:20 PM, 14 May, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور   وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں 21 مئی تک توسیع کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق عدالت نے  وزیراعظم شہباز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست  منظور کر لی جبکہ حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے۔اسپیشل سینٹرل کورٹ لاہور کے جج اعجاز اعوان کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی، وزیراعظم کے وکیل نے عدالت  میں مؤقف اختیار کیا کہ شہباز شریف نجی دورے پر لندن گئے ہوئے ہیں ،وہاں ان کے طبی معائنے بھی ہونے ہیں۔ وہ کینسر کے مریض ہیں انکا طبی معائنہ کےلیے آج ڈاکٹر نے وقت دیا ہے اس کے بعد یو اے ای کے صدر کی وفات پر تعزیت کےلیے متحدہ عرب امارات کا دورہ کرنا ہے لہذاعدالت پیش نہیں ہوسکتے ۔

دوران سماعت ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نےموقف اختیار کیا کہ اگرشہبازشریف کے طبی معائنے کا معاملہ ہے تو حاضری معافی کی درخواست کی مخالفت نہیں کریں گے، سماعت کے  دوران  وزیراعظم کے وکیل امجد پرویز نے اپنے دلائل میں کہا کہ دیکھنا ہے کہ فرد جرم عائد ہوسکتی ہے یا نہیں، کسی نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف بیان نہیں دیامنی لانڈرنگ کا الزام لگا کر 25 ارب روپے کی ایف آئی آر کاٹی گئی۔پراسیکیوشن کی ذمہ داری ہے کہ رقم کو جرم کی کمائی ثابت کرے، گذشتہ حکومت کے وزیر داخلہ نے سامنے بٹھا کر بیانات لکھوائے۔

ایف آئی اے کے وکیل نے کیس کی تیاری کے لیے عدالت سے وقت مانگ لیا ۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیس کی تفتیش مکمل ہو چکی ہے یا چل رہی ہے؟ جس پر پراسکیوٹر نے موقف اختیار یا کہ کیس کے فیکٹس کے بارے میں ابھی مکمل نہیں پتا، عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلاء سے فرد جرم عائد نہ کیے جانے کے حوالے سے دلائل طلب کر تے ہوئے کیس کی سماعت 21 مئی تک ملتوی کر دی ہے۔

مزیدخبریں