عراقی پارلیمنٹ میں اسرائیل کیساتھ تعلقات قائم کرنے والوں کیخلاف قانون پیش

11:17 AM, 14 May, 2022

نیوویب ڈیسک

بغداد: عراقی پارلیمنٹ میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کا مطالبہ کرنے والے کسی بھی شہری ، سرکاری حکام ، اراکین پارلیمنٹ کو پھانسی یا عمر قید کی سزا کا قانون پیش کر دیا گیا ۔

حکومت کا کہنا ہے اس قانون کا مقصد مستقبل میں کسی ایسے منصوبے کو ہمیشہ کے لیے روکنا ہے جس میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کا مطالبہ کیا جائے ۔ پارلیمنٹ میں بل پر بحث کی جائے گی اور پھر مختلف مراحل سے ہوتا ہوا یہ بل قانون کی شکل اختیار کرے گا ۔

واضح رہے کہ اسرائیلی فوج فلسطینی شہریوں کو آئے دن ظلم کا نشانہ بناتی رہتی ہے ۔ جس کی مذمت مسلم ممالک کے علاوہ یورپی ممالک کی جانب سے بھی کی جا رہی ہے ۔

رواں ہفتے اقوام متحدہ ، امریکا اور یورپی یونین نے اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والی الجزیرہ ٹی وی کی رپورٹر شیرین ابو عاقلہ کی موت کی تحقیقات کو مطالبہ کر دیا ۔

اقوام متحدہ میں امریکی مندوب لنڈا تھامس گرین فیلڈ کا کہنا ہے کہ واشنگٹن کی اولین ترجیح امریکی شہریوں اور صحافیوں کا تحفظ ہے ۔ خاتون صحافی کے قتل کی شفاف طریقے سے تحقیقات ہونی چاہیے ۔

امریکا محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے مغربی کنارے شیرین ابو عاقلہ کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ یورپی یونین ڈپلومیٹک سروس کے چیف ترجمان پیٹر سٹینو نے خاتون صحافی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

مزیدخبریں