ماسکو: روس کا کہنا ہے کہ افغانستان کی صورتحال کو تباہی کی جانب نہیں دھکیلا جا سکتا ۔
دوشنبے میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان کے لئے انسانی اور دیگر امداد کی فراہمی پر زیادہ توجہ دے ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی تعمیر نو پر اخراجات کا زیادہ تر بوجھ امریکا اور اس کے اتحادیوں کو برداشت کرنا چاہیے ۔
پنج شیر صوبے میں کشیدگی کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ روس نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ افغانستان کی صورتحال کو ملک گیر مذاکرات سے حل کیا جائے ۔
خیال رہے کہ امریکی فوج کے انخلا کے بعد افغانستان میں طالبان نے حکومتی ذمہ داری تو سنبھال لی لیکن حکومت کو چلانے کیلئے اُن کے پاس وسائل کی کمی ہے ۔ اس لیے ماہرین کا کہنا ہے کہ افغانستان کو امریکا سمیت بڑی طاقتوں نے مالی امداد نہ دی تو وہاں حالات بد سے بدترین ہونے کا خدشہ ہے ۔