لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے کہا ہے کہ پاکستان فلسطین کے حوالے سے موجودہ حالات میں خود لیڈ کرے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس دوران فلسطین کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ فلسطین کے حوالے سے پوری قوم ایک پیج پر ہے، پاکستان فلسطین کے حوالے سے موجودہ حالات میں خود لیڈ کرے اور او آئی سی کے اجلاس میں واضح اور دو ٹوک موقف اپنایا جائے۔
وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ فلسطین کے مسئلے پر مسلم ممالک کے وزراءخارجہ سے رابطے میں ہوں اور اس معاملے پر متفقہ لائحہ عمل ہی اختیار کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 119 ہو گئی ہے اور جارحیت کا سلسلہ تاحال جاری ہے جس پر چین نے بھی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
چینی سفیر برائے اقوام متحدہ زینگ جون نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیا ن میں کہا کہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کو اب قدم اٹھانا چاہیے اور ایک سخت پیغام دینا چاہیے۔
چینی سفیر کا کہنا تھا کہ افسوس ہے کہ سلامتی کونسل کے ایک رکن نے اس حوالے سے آج جمعہ کی میٹنگ کو رکوا دیا، اب دوبارہ اجلاس اتوار کی صبح بلایا گیا ہے،سلامتی کونسل کا پیر سے یہ تیسرا اجلاس ہے۔