خلیجی ممالک سے آئے کورونا مریضوں کے لئے ائر پورٹ پر ناقص انتظامات،سندھ حکومت کی غٖفلت

08:11 PM, 14 May, 2021

کراچی ،خلیجی ریاست سے کورونا مثبت مریض پاکستان پہنچ گئے، سندھ حکومت کے قرنطینہ کے ناقص انتظامات کے باعث شہر میں وبا پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ کی جانب سے شہر قائد کے جناح بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کورونا  مثبت مریضوں کےلیے کوئی انتظامات نہیں کیے گئے، بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں نے صوبائی حکومت کی غفلت کا پول کھول دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی ائیر لائن کی پرواز ایس وی 700 سے 266 مسافر جدہ سے کراچی پہنچے تھے، مسافروں کے ریپڈ ٹیسٹ کے دوران تین مسافر کرونا متاثرہ نکلے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے کرونا متاثرین کو قرنطینہ نہیں کیا گیا۔

سندھ حکومت کی بدانتظامی اور غفلت کے باعث دیگر مسافروں میں بھی وائرس منتقلی کا خطرہ ہے جب کہ شہر میں بھی وبا پھیلنے کا خدشہ ہے۔

ذرائع کے مطابق کورونا میں مبتلا تینوں افراد صبح سے ایئرپورٹ پر موجود ہیں لیکن متاثرہ افراد کےلیے قرنطینہ کا مناسب نظام میسر نہیں نہ ہی انہیں اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی غفلت اور قرنطینہ کے ناقص انتظامات کے خلاف تینوں مسافروں کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں