لاہور ، وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے سرکاری و نجی اسکول 23 مئی 2021 تک بند رکھنے کا اعلان کردیا ۔وزیرتعلیم کا کہنا ہے کہ 18مئی 2021 کو اس حوالےسے جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے اسکولوں کی بندش سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پنجاب کےسرکاری و نجی اسکول 23 مئی 2021 تک بند رہیں گے، فیصلہ کورونا کے پھیلاؤکی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ، 18مئی 2021 کو اس حوالےسے جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا ، تمام لوگ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
یاد رہے ملک میں کورونا وبا کی پھیلاؤ کے باعث این سی او سی نے تعلیمی اداروں کی بندش میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کرتے ہوئے تعلیمی اداروں کو 23 مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
این سی او سی کے مطابق تعلیمی اداروں کی بندش کے فیصلے پر نظر ثانی 18 مئی کو ہوگی، اس سے قبل این سی او سی نے تعلیمی ادارے 17 مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ اٹھارہ اپریل کو نیشنل کمانڈ آینڈ آپریشن سینٹر میں تعلیمی سیکٹر سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا تھا، وزیرتعلیم شفقت محمود نے خصوصی اجلاس کی صدارت کی جہاں ڈاکٹر فیصل سلطان اور صوبائی وزرائے تعلیم و صحت شریک ہوئے تھے۔
اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ ملک کے جن شہروں یا علاقوں میں آٓٹھ فیصد سے زائد مثبت کورونا کیسز ہونگے، وہاں تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔