لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کئے جانے کے خلاف وزارت داخلہ کو نظرثانی درخواست نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے کسی منصوبے میں کرپشن نہیں کی اور انہیں عدالت نے باہر جانے کی اجازت دی مگر ائیرپورٹ پر یہ کہتے ہوئے روک لیا گیا کہ نوٹ پیڈ اپ ڈیٹ نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے یہ سپریم کورٹ گئے لیکن وہاں بھی ان کی نہ سنی گئی جس کے بعد وزارت داخلہ کی جانب سے غیر قانونی سمری جاری کی گئی اور یوں عیدالفطر کے روز توہین عدالت ہوئی اور یہ سب کچھ وزیراعظم عمران خان کے حکم پر ہوا کیونکہ وہ شہباز شریف کے خوف میں مبتلا ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ چھٹی والے دن امیگریشن، ایف آئی اے ، نیب کے دفاتر کھولے گئے، یہ معاملہ اب شہباز شریف یا مسلم لیگ (ن) کا نہیں بلکہ لاہور ہائیکورٹ اور حکومت پاکستان کا ہے ، یہ جمہوریت، پاکستان اور عدلیہ کیلئے خوف ناک مرحلہ ہے، عدالت کو عمران خان، شہزاد اکبر اور وزارت داخلہ کو بلا کر پوچھنا چاہیے کہ کیوں عید والے دن غیر قانونی سمری سرکولیٹ کی گئی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 15 روز میں اپیل کی مدت کا اطلاق اس وقت ہوتا ہے جب عدالتی حکم نہ ہو، ہم وزارت داخلہ میں نظر ثانی کی درخواست نہیں دیں گے ، اب نظر ثانی حکومت کو کرنی ہے، اب عدالت اور سپریم کورٹ کو نوٹس لینا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کا شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے فیصلے پر نظرثانی درخواست نہ کرنے کا اعلان
05:35 PM, 14 May, 2021