کنگسٹن:سابق ویسٹ انڈین آل راﺅنڈر کارل ہوپر نے کہا ہے کہ اگر کھلاڑی ورلڈ کپ میں مستقل مزاجی سے عمدہ پرفارم کریں تو ہماری ٹیم تیسری مرتبہ عالمی ٹائٹل جیت سکتی ہے۔
ویسٹ انڈین ٹیم کو دو مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل ہے۔ ہوپر نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ کیریبین سکواڈ متوازن اور باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ ہماری ٹیم کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے تاہم مستقل مزاجی نہ ہونے کی وجہ سے اسے افغانستان اور بنگلہ دیش جیسی ٹیمیں بھی ہرا سکتی ہیں اسلئے ورلڈ کپ میں مستقل مزاجی سے عمدہ کارکردگی ٹیم کیلئے اہم ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ فتوحات کیلئے کسی ایک کھلاڑی پر انحصار نہیں کیا جا سکتا بلکہ ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کرس گیل سمیت سینئر کھلاڑیوں کو ذمہ داری لینا ہو گی، انہیں چاہیے کہ وہ نوجوان کھلاڑیوں کو ساتھ لیکر چلیں، اگر ٹیم پلان کے مطابق اور متحد ہو کر کھیلی تو یقینی طور پر اس کے ٹائٹل جیتنے کے امکانات بھی زیادہ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم نے عالمی کپ کے لئے بھرپور تیاری کر رکھی ہے تاہم میدان میں جو ٹیم اچھا کھیلتی ہے وہی جیت کی حقدار ٹھہرتی ہے۔ واضح رہے کہ ویسٹ انڈین ٹیم 31 مئی کو پاکستان کے خلاف مہم کا آغاز کریگی۔