ڈبلن : تاریخی ٹیسٹ میں آئرلینڈ کی واپسی، پاکستان کے خلاف کی دوسری اننگز میں چوتھے دن کھیل کے اختتام تک آئرش ٹیم نے 7وکٹو ں پر319رنز بنا لیے ہیں اور اسے پاکستان کیخلاف 139رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
ڈبلن کے میلاہائیڈ کرکٹ کلب میں کھیلنے جانیوالے تاریخی ٹیسٹ میں پاکستان نے آئرلینڈ کے خلاف تاریخی ٹیسٹ میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 310 رنز 9 کھلاڑی آوٹ پر اننگز ڈکلیئر کردی تھی جس کے جواب میں آئرلینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 130 رنز بناکر آوٹ ہوگئی تھی اور اسے فالو آن کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
میزبان ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 64 رنز سے کھیل کے چوتھے روز کا آغاز کیا تو ایڈ جوائس 39 اور پورٹ فیلڈ 23 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔آئرش ٹیم مجموعی سکور میں 5 رنز کا اضافہ ہی کرسکی تھی کہ 69 کے مجموعے پر ایڈ جوائس رن آوٹ ہوگئے اور وہ 43 رنز بناسکے جب کہ نئے آنے والے بلے باز اینڈی بالبرنی بغیر کوئی رنز بنائے آوٹ ہوئے۔وکٹ کیپر بلے باز نیل اوبرائن بھی 18 رنز بناسکے جو 94 کے مجموعی سکور پر محمد عامر کی گیند پر بولڈ ہونے کے بعد پویلین لوٹے۔
پاکستان بولنگ کے خلاف مزاحمت کرنے والے آئرش کپتان ولیم پورٹرفیلڈ بھی 32 رنز بنا کر ہمت ہار گئے جنہیں محمد عامر نے میدان بدر کیا۔پال سٹر لنگ 11رنز بناکر محمد عباس کا نشانہ بنے جبکہ گیری ولسن کو 12کے انفرادی سکور پر محمد عامر نے چلتا کیا۔اس موقع پر کیون اوبرائن نے سٹورٹ تھامسن کے ساتھ مل کر 7ویں کی شراکت میں 114رنز کا اضافہ کیا جس کے بعد شاداب خان نے تھامسن کو53رنز پر پوویلین چلتا کیا۔ کیون اوبرائن آئر لینڈ کیلئے ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بنے اور اب بھی 118رنز کے ساتھ کریز پر موجو د ہیں۔