سونی پت :بھارتی ریاست ہریانہ میں ایک 23سالہ خاتون کے اغوا ، اجتماعی عصمت ریزی اور لاش کو بری طرح مسخ کر کے پھینک دینے کا انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں نعش کے بعض حصوں کو کتے کھا گئے ۔ پولیس نے واقعہ کا پتہ چلتے ہی دو افراد کو گرفتار کرلیا ۔ یہ افسوسناک واقعہ ایک ایسے وقت سامنے آیا جب کہ سپریم کورٹ نے نربھئے اجتماعی عصمت ریزی کے مجرمین کو پھانسی کی سزا برقرار رکھی ہے ۔
ہریانہ کے واقعہ پر صدر کانگریس سونیا گاندھی نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی سلامتی کے ضمن میں مزید بہت کچھ اقدامات کرنے ہیں ۔ روہتک کے اربن اسٹیٹ علاقہ میں صبح کے وقت لوگوںنے متاثرہ خاتون کی نعش دیکھ کر پولیس کو مطلع کیا ۔ پولیس نے بتایا کہ خاتون کے چہرے اور جسم کے نچلے حصے کو کتوں نے کاٹ لیا تھا ۔
یہ ایک مطلقہ خاتون بتائی گئی جس کا سونی پت سے 9مئی کو اغوا کر کے کار میں روہتک لے جایا گیا ۔ متاثرہ خاتون کے والدین نے سونی پت پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی شکایت درج کرائی تھی ۔
پولیس کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ خاتون کی پہلے عصمت ریزی کی گئی پھر اینٹ سے اس کے چہرے کو مسخ کردیا گیا ۔ اس کے سر پر بھی گہرے زخم پائے گئے ۔ پولیس نے دو افراد کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جنہیں پولیس تحویل میں دیدیا گیا ہے ۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں