ُُُپاکستانی ڈاکٹر برطانیہ کی نئی ماسٹر شیف بن گئیں

12:11 PM, 14 May, 2017

لندن:ایک پاکستانی ڈاکٹر نے اپنے وطن کی ثقافت اور ورثے سے تحریک لیتے ہوئے 'ایسٹ میٹس ویسٹ' کے مینیو پر مبنی بی بی سی کا 'ماسٹر شیف' مقابلہ جیت لیا ہے۔29سالہ ڈاکٹر صالحہ محمود احمد نے جو انگلینڈ کے علاقے واٹفرڈ میں رہتی ہیں، اس مقابلے میں جیوانا رائن اور سٹیو کیئلٹی کو شکست دی۔

انھوں نے کہا کہ وہ اپنے کھانے پکانے کے شوق اور میڈیکل کیریئر میں اشتراک سے موزوں ترین غذا تلاش کر کے ان افراد کی مدد کرنا چاہتی ہیں جنھیں خاص قسم کی خوراک کھانے سے امراض لگ جاتے ہیں۔ڈاکٹر صالحہ نے جو ایک بچے کی ماں ہیں، بی بی سی کی جانب سے منعقد کیے جانے والے مقابلے میں کھانا بنانے کے 64شوقین افراد کو ہرایا۔

اس مقابلے میں انھوں نے اپنی آن کال شفٹوں کو ساتھیوں کے ساتھ تبدیل کیا تاکہ وہ مقابلے میں شریک رہ سکیں۔ڈاکٹر صالحہ آنتوں اور معدے کے امراض کی سپیشلسٹ ہیں لیکن کھانے پکانے اور موٹاپے کو کنٹرول کرنے جیسے موضوعات پر کتابیں لکھنا ان کا خواب ہے۔اپنی جیت پر انھوں نے کہا 'ماسٹر شیف چیمپیئن بننا زبردست ہے۔

تعریفی الفاظ اس خوشی کو بیان نہیں کرسکتے۔ میں نے اپنی زندگی میں سب سے بہترین کام یہی کیا ہے۔اس میں بہت محنت شامل تھی۔ مجھے بہت جلدی کام شروع کرنا پڑتا تھا اور 13، 13گھنٹوں کی شفٹوں کے بعد دیر گئے کھانے بنانے ہوتے تھے۔ اس بیچ نہ چھٹی ملتی تھی نہ نیند پوری ہوتی تھی لیکن یہ سب کچھ کرنے کا فائدہ ہی ہوا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں