اسلام آباد: پاکستان نے ڈیجیٹل فنانس اور کرپٹو کرنسی کے شعبے میں اہم قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان کرپٹو کونسل کا باضابطہ قیام عمل میں لایا ہے۔ یہ کونسل ملک میں بلاک چین ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اثاثوں کی ضابطہ کاری کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہو گی۔
پاکستان کے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کو پاکستان کرپٹو کونسل کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ اس کونسل کا مقصد کرپٹو کرنسی کو اپنانے کے لیے مؤثر پالیسی سازی، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ، اور محفوظ مالیاتی نظام کے قیام میں اہم کردار ادا کرنا ہے۔ اس فیصلے سے پاکستان کا عزم ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ڈیجیٹل معیشت کو مضبوط کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔
وزیر خزانہ کے چیف ایڈوائزر بلال بن ثاقب کو پاکستان کرپٹو کونسل کا سی ای او مقرر کیا گیا ہے۔ کونسل کے ابتدائی بورڈ ممبران میں گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان، وفاقی سیکرٹری قانون، اور وفاقی سیکرٹری آئی ٹی شامل ہیں۔
یہ کونسل مالی استحکام، قانونی فریم ورک، اور تکنیکی ترقی کو یقینی بناتے ہوئے پاکستان میں کرپٹو ایکو سسٹم کو فروغ دینے کے لیے ضروری اقدامات کرے گی۔ اس اقدام سے ملک میں مالیاتی اور تکنیکی ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے، جو پاکستان کو ڈیجیٹل فنانس کے شعبے میں ایک نمایاں مقام حاصل کرنے کی راہ پر گامزن کرے گا۔