عظمیٰ بخاری کی پی ٹی آئی پر سخت تنقید، قومی اتحاد میں رکاوٹ قرار دے دیا

04:28 PM, 14 Mar, 2025

لاہور:وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جہاں پی ٹی آئی کا فسادی ٹولہ موجود ہو، وہاں قومی اتحاد قائم کرنا مشکل ہے۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمیں یکجہتی کی ضرورت ہے، مگر جب پی ٹی آئی کا فسادی ٹولہ موجود ہو، جو نہ صرف دہشت گردی کی مذمت نہیں کرتا بلکہ اپنی فوج پر حملے بھی کرتا ہے، تو قومی اتحاد قائم کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے ارکان نے بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی دہشت گردانہ کارروائی کی ایک لفظ بھی مذمت نہیں کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان کو اس مسئلے پر اسمبلی میں کھل کر بات کرنی چاہیے تھی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمیں ایک نیا نیشنل ایکشن پلان تیار کرنا ہوگا اور وزیراعظم نے اس مسئلے کو بخوبی اُٹھایا ہے۔ خیبرپختونخوا میں حالیہ دھماکے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ سب کی حفاظت کرے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تحریک انصاف کو اپنے قیدیوں کے بجائے ملک کے مفاد کی فکر کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سب کا ہے، اور تحریک انصاف کو اپنے ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کر خیبرپختونخوا کے عوام کا خیال رکھنا چاہیے۔

مزیدخبریں