لاہور : پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہندو برادری آج اپنا رنگوں بھرا مذہبی تہوار ہولی بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منائے گی۔ ہولی، جو بہار کے موسم کی آمد کا نشان ہے، ہندوؤں کا ایک اہم مذہبی تہوار ہے جسے "رنگوں کا تہوار" بھی کہا جاتا ہے۔
ہولی کی تقریبات دو دن چلتی ہیں، پہلے دن مختلف رسومات ادا کی جاتی ہیں، اور دوسرے دن رنگوں سے کھیل کر خوشی کا اظہار کیا جاتا ہے۔ بچے اور بڑے ایک دوسرے پر رنگ پھینکتے ہیں اور خوشی مناتے ہیں۔ پاکستان کے مختلف علاقوں میں ہولی کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، بالخصوص صوبہ سندھ کے مٹھی، حیدرآباد، جیکب آباد اور تھرپارکر میں ہندو برادری کے افراد کے ساتھ مسلم کمیونٹی کے لوگ بھی شریک ہو کر رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کا پیغام دیتے ہیں۔
ہولی کے تہوار کے موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں ہندو برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہولی کا تہوار محبت، اچھائی کی فتح اور نئی شروعات کا جشن ہے۔ یہ تہوار ایک متحرک توانائی کا احساس دلاتا ہے اور ہمیں ایک مضبوط، زیادہ متحد قوم کی اہمیت اور تمام شہریوں کی شمولیت کو اجاگر کرتا ہے۔" وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ "رنگوں کا یہ تہوار آپ کی زندگیوں کو خوشیوں، صحت کی کامیابیوں اور خوشحالی سے بھر دے۔"