واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے کی وائٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی، جس میں مختلف عالمی امور پر بات چیت کی گئی۔ ٹرمپ نے ملاقات کے دوران کہا کہ انہیں امید ہے کہ روس معاہدے پر صحیح طریقے سے عمل کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ پیوٹن نے کچھ امید افزا بیانات دیے ہیں، لیکن وہ مکمل نہیں ہیں، اور وہ پیوٹن سے بات کرنے کو ترجیح دیں گے تاکہ جنگ کو تیزی سے ختم کیا جا سکے۔ ٹرمپ نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ امریکی حکام اس وقت روس میں یوکرین کے بارے میں سنجیدہ گفتگو کر رہے ہیں۔
ٹرمپ نے نیٹو کی طاقت کے بارے میں کہا کہ ان کے اقدامات کی وجہ سے نیٹو بہت مضبوط ہو چکا ہے اور ان کے خیال میں گرین لینڈ کا الحاق امریکہ کے ساتھ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں گرین لینڈ پر ایک معاہدہ کرنا ہے۔
نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے نے گرین لینڈ کی امریکہ میں شمولیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ نیٹو کو اس معاملے میں گھسیٹنا نہیں چاہتے۔ انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ نیٹو کو مزید ہتھیار بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ اس وقت وہ روس اور چین سے پیچھے ہیں۔