لاہور : رواں سال کا پہلا مکمل چاند گرہن شروع ہو چکا ہے، جس کا نظارہ پاکستان میں ممکن نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق چاند گرہن پاکستانی وقت کے مطابق صبح 8:57 بجے شروع ہوا، جبکہ مکمل چاند گرہن کا منظر صبح 11:58 بجے ہوگا، اور اس کا اختتام 3:00 بجے ہوگا۔
چاند گرہن کی خصوصیت یہ ہے کہ اس دوران آسمان سرخ رنگ کی روشنی سے منور ہو جائے گا، جو فلکیات کے شائقین کے لیے ایک خوبصورت منظر ہوگا۔ تاہم، چونکہ یہ گرہن دن کے اوقات میں ہوگا، پاکستان میں اس کا نظارہ ممکن نہیں۔
یہ مکمل چاند گرہن تقریباً تین سال بعد آ رہا ہے، اور آخری بار ایسا گرہن 2022 میں ہوا تھا۔ محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ رواں سال کا دوسرا جزوی چاند گرہن 7 اور 8 ستمبر کی درمیانی شب ہوگا، جس کا نظارہ پاکستان میں کیا جا سکے گا۔