الیکشن کمیشن کا سینٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات کے شیڈول کا اعلان

الیکشن کمیشن کا سینٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات کے شیڈول کا اعلان

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سینٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات کے شیڈول کا اعلان کردیا۔کاغذات نامزدگی کی وصولی کل 15 مارچ سے شروع کی جائے گی ،ووٹنگ دو اپریل کو ہوگی۔

الیکشن کمیشن نے سینٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات کا شیڈول جاری کردیا، کاغذات نامزدگی 15 اور 16 مارچ کو جمع کروائے جاسکتے ہیں،امیدواروں کی فہرست 17 مارچ کو آویزاں کی جائے گی شیڈول کے مطابق  سینیٹ انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 19 مارچ اور ووٹنگ 2 اپریل کو ہو گی۔

انتخابی شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 21 مارچ تک دائر کی جا سکیں گی جن پر 25 مارچ تک فیصلہ سنا دیا جائے گا۔ امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 26 مارچ کو شائع کی جائے گی  جب کہ کاغذات نامزدگی 27 مارچ تک واپس لیے جا سکیں گے۔

سینیٹ انتخابات کی پولنگ پانچ مقامات پر ہوگی۔اسلام آباد کی دو نشستوں کے لئے پارلیمنٹ ہاؤس میں قومی اسمبلی کے ارکان حق رائے دہی استعمال کریں گے۔صوبائی اسمبلی سندھ،پنجاب بلوچستان اور خیبرپختونخوا کو بھی  پولنگ اسٹیشن کا درجہ دے دیا گیا ۔پنجاب اور سندھ کی 12 ،12، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی 11 ،11، اسلام آباد کی دو نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔

چاروں صوبوں کی 7 جنرل،دو ٹیکنوکریٹ ،دو خواتین کی مخصوص نشستوں پر الیکشن ہوں گے۔انتخابی شیڈیول کے مطابق سندھ اور پنجاب کی ایک ایک غیر مسلموں کی مخصوص نشست  جب کہ اسلام آباد کی ایک ٹیکنوکریٹ اور ایک جنرل نشست پر انتخابات ہوں گے۔

دو اپریل کے انتخابات کے بعد سینٹ کی کل نشستیں 100 سے کم ہوکر 96 رہ جائیں گی۔

یاد رہے کہ 52 سینیٹرز 11مارچ کو اپنی مدت پوری کرکے ریٹائرہو گئے ہیں۔25ویں آئینی ترمیم کے تحت سابقہ فاٹا کے چار سینیٹ نشستوں پر دوبارہ انتخاب نہیں ہوگا۔

مصنف کے بارے میں