جو مشکل وقت میں اپنی جماعت چھوڑ کر چارپائی کے نیچے چھپ جائے، اسے لیڈر نہیں عمران خان کہتے ہیں: مریم نواز

11:04 PM, 14 Mar, 2023

نیوویب ڈیسک

شیخوپورہ: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ (ن) لیگ الیکشن جیتنے کیلئے میدان میں اتر چکی ہے اور بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ جو مشکل وقت میں اپنی جماعت کو چھوڑ کر چارپائی کے نیچے چھپ جائے، اسے لیڈر نہیں عمران خان کہتے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جیسے بچہ سکول نہ جانے کیلئے پیٹ درد کے بہانے بناتا ہے، ایسے ہی عمران خان پیشی سے بچنے کیلئے کہتا ہے ٹانگ ٹوٹی ہوئی ہے لیکن جب نواز شریف پر مشکل ترین وقت آیا تو وہ ایک دن بھی گھبرا کر چھپا نہیں، ن لیگی قائد نے کارکنوں کو ڈھال نہیں بنایا، کبھی نہیں کہا میں بیمار ہوں پیشی پر نہیں آؤں گا۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے اپنے کارکنوں کو سڑکوں پر ڈنڈے کھانے کیلئے نہیں چھوڑا بلکہ شیروں کی طرح گرفتاری دینے آیا، نواز شریف بیٹی کا ہاتھ پکڑ کر پاکستان آیا اور کہا کہ اگر کسی کو قربانی دینی ہے تو نواز شریف دے گا، پوچھتی ہوں جب ظالم حکومت اور سہولت کار ایک پیج پر تھے کیا نوازشریف گھبرایا؟ نواز شریف نے چوری نہیں کی، دامن پر داغ نہیں تھا، اب مریم نواز تم سے پوچھتی ہے چوری نہیں کی تو تلاشی کیوں نہیں دیتے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر کا کہنا تھا کہ یہ تلاشی اس لئے نہیں دیتے کہ چوری کی ہوئی ہے جس طرح تمہارے دور میں مریم بہادری سے پابندیاں توڑ کر نکلتی تھی، تم بھی نکل کے دکھاؤ، عمران خان اپنی گندی سیاست کی خاطر کتنی ماؤں کی گودیں اجاڑو گے؟ کل تمہاری ننھی منھی سی ریلی تھی، یہ لاہور کی خالی سڑکوں کے چکر لگاتا رہا لیکن عوام نہیں آئے۔ 
انہوں نے کہا کہ عمران خان کیلئے کوئی نہیں نکلے گا، کوئی ماں اب اپنا بیٹا اس کیلئے شہید کرانے تیار نہیں، ظل شاہ اس کے گھر کے باہر بیٹھ کر کئی ہفتے اس کی حفاظت کرتا رہا مگر اس نے ظل شاہ سے ہاتھ ملانا تک گوارہ نہ کیا، ابھی کارکنوں کو پولیس پیچھے دھکیل رہی تھی مجھے تکلیف ہوئی کہ میرے کارکنوں کو کوئی ہاتھ نہ لگائے، ظل شاہ جاتے جاتے پوری قوم کو عمران خان کا مکروہ چہرہ دکھا کر گیا، جس کے مرنے کے بعد یہ گدھ کی طرح لاش پر ٹوٹ پڑے۔
مریم نواز نے کہا کہ ظل شاہ کے والد نے کل کہا کہ میرے بیٹے کی لاش ہسپتال میں تھی اور یہ مجھے عمران خان کے پاس لے گئے، ڈھائی گھنٹے انتظار کرایا۔ اس کی بیٹے کی لاش پڑی تھی اور اس بادشاہ نے کہا کہ میرے دربار میں آؤ، جس کا بیٹا شہید ہوا تھا یہ اس کے سامنے ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر جوتا اس کی طرف کرکے بیٹھا تھا۔
اس موقع پر انہوں نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کہتا ہے مریم نواز بد تمیز ہے، میں انہیں کہنا چاہتی ہوں میری پرورش نواز شریف جیسے باپ اور کلثوم نواز جیسی ماں نے کی ہے، والدین نے مجھے جابر حکمران کے سامنے کلمہ حق کہنا سکھایا ہے، ثاقب نثار، مریم نواز بدتمیزی نہیں کر رہی ہے، تمہارا چہرہ آئینے میں دکھا رہی ہے، جسے دیکھ کر تمہیں کراہت آ رہی ہے، اگر انصاف کے دو معیار ہوں گے تو مریم نواز کبھی چپ نہیں بیٹھے گی، جب تک نواز شریف کے ساتھ انصاف نہیں ہوگا، ن لیگ ایسا الیکشن کبھی نہیں چاہے گی۔

مزیدخبریں