عمران خان کو خود گرفتاری دینی چاہئے تھی مگر ایسا کام تو بہادر لوگ کرتے ہیں: نواز شریف

09:30 PM, 14 Mar, 2023

نیوویب ڈیسک

لندن: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کو تو خود گرفتاری دیدینی چاہیے تھی لیکن یہ کام تو بہادر لوگ کرتے ہیں، وقار تو عمران خان کے قریب سے بھی نہیں گزرا۔ 
تفصیلات کے مطابق لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم سے جب یہ سوال کیا گیا کہ کیا عمران خان کو وقار کے ساتھ گرفتاری دیدینی چاہئے تھی؟ تو ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو وقار کا مطلب بھی نہیں پتہ کیا ہے، وقار عمران خان کے قریب سے بھی نہیں گزرا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کو تو خود گرفتاری دیدینی چاہیے تھی لیکن یہ کام تو بہادر لوگ کرتے ہیں جبکہ توشہ خانہ سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اس بارے میں عمران خان سے پوچھیں جس نے چوری کی ہے۔ 
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ زمان پارک پر موجود ہے جہاں اسے پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے۔

مزیدخبریں