اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے زمان پارک کے باہر پی ٹی آئی کارکنان اور پولیس کے درمیان تصادم پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان کی گرفتاری کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کی مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ آج کے واقعات پر مجھے دکھ ہوا، یہ معاملات اچھے اور انتقامی سیاست کی غمازی کرتے ہیں، ایک طرف عوام معاشی بدحالی کا شکار ہیں اور ملکی معیشت بھی ٹھیک نہیں لہٰذا حکومت کو ان معاملات کی طرف توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔
صدر مملکت نے سوال کیا کہ کیا ہم سیاسی منظر نامے کو تباہ کررہے ہیں؟ انہوں نے عمران خان کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دیگر سیاستدانوں کی طرح عمران خان کی حفاظت، عزت اور وقار کیلئے بھی اسی طرح فکر مند ہیں۔