اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد سے کوئی پریشانی نہیں اور صورتحال اطمینان بخش ہے، کیسز منطقی انجام تک پہنچنے کے باعث اپوزیشن کو جلدی ہے لیکن ہماری تمام تیاریاں مکمل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے اتحادی جماعتوں سے رابطوں جبکہ مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے قانونی نکات پر بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور صوبائی صدور نے پارٹی کے تنظیمی معاملات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں ڈی چوک میں جلسہ سے متعلق غور و فکر کرنے کیساتھ ساتھ جارحانہ پالیسی جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس کے شرکاءکا کہنا تھا کہ کرپٹ ٹولے کو عوام میں بے نقاب کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکمران جماعت نے ملک بھر میں سیاسی جلسے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا جس کے مطابق مزید شہروں میں جلسے کئے جائیں گے جبکہ اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس ضمن میں وزراءکو ٹاسک بھی سونپ دیا گیا ہے۔
اجلاس کے شرکاءکو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی جلدی نہیں، حکومت کو کئی مسئلہ کیونکہ نمبرز پورے اور اتحادی ساتھ ہیں، ہمارے ارکان کو کروڑوں روپے کی پیشکش ہے اور انہیں کسی بھی ملک میں پیسے پہنچانے کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدم اعتماد سے کوئی پریشانی نہیں، صورتحال اطمینان بخش اور ہماری تمام تیاریاں مکمل ہیں، کیسز کو منطقی انجام تک پہنچنے کے باعث اپوزیشن کو جلدی ہے۔