بلاول کو تجویز ہے کہ قومی اداروں کو سیاست میں گھسیٹنا درست نہیں: وزیر خارجہ

11:29 AM, 14 Mar, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) آئینی ادارے ہیں اور اپنی ذمہ داریاں سمجھتے ہیں، بلاول کو تجویز ہے کہ قومی اداروں کو سیاست میں گھسیٹنا درست نہیں، تحریک عدم اعتماد کا آئین کی روح کے مطابق مقابلہ کریں گے اور شکست دیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داریاں سمجھتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن سے کردار ادا کرنے کو کہا، دونوں ادارے عدم اعتماد کی تحریک میں کیا کردار ادا کریں؟ بلاول کو تجویز ہے قومی اداروں کو سیاست میں گھسیٹنا درست نہیں، تحریک عدم اعتماد کا آئین کی روح کے مطابق مقابلہ کریں گے اور شکست دیں گے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ آئین سب کیلئے مقدس ہے اور ہم سب آئین کے پابند ہیں، بلاول سے سوال ہے کیا آپ آئین کا احترام کر رہے ہیں؟ بلاول اور ان کے ابو نوٹوں کے تھیلے لئے دروازوں پر دستک دے رہے ہیں، کیا یہ آئین کی پاسداری ہے؟ بلاول اور ان کے والد آئین کی روح کو متاثر کر رہے ہیں، ہم جانتے ہیں کس نے کس سے رابطہ کیا ، بے خبر نہیں ہیں، جن سے رابطہ کیا گیا انہوں نے ہمیں آ کر بتایا لیکن میری جماعت کو اتحادیوں پر مکمل اعتماد ہے۔ 
وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت کے اتحادی اپوزیشن کی چال کو پوری طرح سمجھتے ہیں، اتحادی تجربہ کار سیاستدان ہیں جو اپوزیشن کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے، عدم اعتماد کی تحریک میں اپوزیشن کو مایوسی ہو گی، اپوزیشن کامقصد صرف عمران خان کو ہٹانا ہے اور عوام سمجھ گئے ہیں یہ عمران خان سے کیوں گھبراتے ہیں۔ 

مزیدخبریں