کراچی ٹیسٹ، آسٹریلیا نے پہلی اننگز 556 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی

11:07 AM, 14 Mar, 2022

نیوویب ڈیسک

کراچی: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 556 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی ۔ عثمان خواجہ نے 160 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ ایلکس کیری نے 93 رنز بنائے۔ 
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے میچ کے تیسرے روز آسٹریلیا نے 505 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ سے ادھوری اننگز کا آغاز کیا تو مجموعی سکور میں بغیر کسی اضافے کے مچل سٹارک شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر اظہر علی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ انہوں نے 97 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے۔ کپتان پیٹ کومنز اور مچل سوئپسن نے 10 ویں وکٹ کی شراکت میں 51 رنز جوڑ کر مجموعی سکور 556 پر پہنچا دیا اور آسٹریلین کپتان نے اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کر دیا۔ 
آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ 369 گیندوں پر 1 چھکے اور 15 چوکوں کی مدد سے 160 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ایلکس کیری نے 159 گیندوں پر 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 93 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں ڈیوڈ وارنر 36، لابوشین صفر، سٹیو سمتھ 72، نتھن لیون 38، ٹریویس ہیڈ 23، کرس گرین 28، پیٹ کومنز 34 اور مچل سوئپسن 15 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ 
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 21 اوورز میں 55 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں اور ساجد خان نے 57 اوورز میں 167 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، نعمان علی اور بابراعظم نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 

مزیدخبریں