لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور کے معروف علاقے گلبرگ میں رات گئے شاپنگ پلازا میں لگنے والی خطر ناک آگ پر 6 گھنٹے بعد جزوی طورپر قابو پالیا گیا جس کے بعد کولنگ کا عمل جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق گلبرگ میں شاپنگ پلازا میں رات گئے آگ لگ گئی جس کے باعث 4 منزلہ عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی جبکہ تاجروں اور دکانداروں کا کروڑوں کا نقصان ہو گیا ہے، آگ لگنے کے باعث 400 سے زائد دکانیں اور سینکڑوں کاﺅنٹرز جل کر خاکستر ہوگئے۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق فائربریگیڈ کی 25 گاڑیوں اور 60 سے زائد فائر فائٹرز نے آگ بجھانے کی کوششوں میں حصہ لیا جبکہ اس مقصد کیلئے سنارکل اور ایریل پلیٹ فارم سپیشل فائر وہیکل بھی موجود تھیں اور قریبی اضلاع سے بھی ریسکیو ٹیمیں منگوائی گئی تھیں۔
فائر آفیسر عمران رامے کا کہنا ہے کہ آگ پہلی منزل پر لگی جس نے دوسری اور پھر تیسری منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حکام کے مطابق پلازا میں 400 سے زائد دکانیں قائم تھیں، جن میں زیادہ تر دکانیں موبائل فونز اور ریڈی میڈ گارمنٹس کی تھیں۔
دوسری جانب متاثرہ تاجروں اور دکانداروں نے انتظامیہ پر دانستہ آگ لگانے کے الزامات عائد کر دئیے ہیں جبکہ پولیس نے ریسکیو آپریشن میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں پلازا کے سیکیورٹی انچارج اور ایک ملازم کو گرفتار کیا ہے۔