لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم کرکٹ حکام کی نظروں میں اہمیت کھونے لگے جنہیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے محدود صلاحیتوں کا حامل کھلاڑی قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک وقت میں عماد وسیم کرکٹ بورڈ کے پسندیدہ کھلاڑی ہوا کرتے تھے حتی کہ انہیں مستقبل کا کپتان بھی قرار دیا گیا مگر اب حکام کی نظروں میں ان کی اہمیت کم ہونے لگی ہیں۔ چیف سلیکٹر محمد وسیم نے قومی ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کیلئے سکواڈ کا اعلان کرنے کے بعد کہا کہ عماد وسیم کی بانسبت محمد نواز زیادہ کارآمد آل راؤنڈر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک ایسے آل راؤنڈر کی ضرورت تھی جو اننگز کے آغاز یا پھر درمیانی اوورز میں میچ کی صورتحال کے مطابق باؤلنگ کروا سکے اور بیٹنگ کے دوران کسی بھی نمبر پر توقعات کا بوجھ بھی اٹھا لے، محمد نواز نے ڈومیسٹک کرکٹ میں تسلسل کے ساتھ پرفارم کیا اور اس معیار پر پورا اترتے ہیں۔
محمد وسیم نے کہا کہ عماد وسیم کی صلاحیتیں محدود ہیں اور انہیں اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے،یہ نہیں ہوسکتا کہ کوئی کرکٹر صرف موافق کنڈیشنز میں ہی پرفارم کرے، دونوں کی کارکردگی کا موازنہ کرتے ہوئے ہی محمد نواز کو ترجیح دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ عماد وسیم نے 55ون ڈے میچز میں 43.86کی اوسط سے 986رنز بنانے کے ساتھ 44.47کی اوسط سے 44 وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں جبکہ 49ٹی 20 میچز میں 13.72 کی اوسط سے 302رنز بنائے اور 22.76 کی اوسط سے 47شکار کر رکھے ہیں۔
دوسری جانب محمد نواز نے 15ون ڈے میچز میں 22.11کی اوسط سے 199 رنز بنائے اور 35.70 کی اوسط کیساتھ 17 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں جبکہ 19ٹی 20 میچز میں 11.33کی اوسط سے 34رنز بنائے اور 26.73 کی اوسط کیساتھ 15 شکار بھی کر رکھے ہیں۔