اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی ماحولیاتی پالیسیوں کو دنیا مان رہی ہے اور کورونا میں ہمارے گرین ریکوری پروگرام اور کلائمیٹ ایکشن پلان کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔
وزیراعظم عمران خان نے ورلڈ اکنامک فورم کی پاکستان کی ماحول دوست کاوشوں پر ویڈیو بھی اپنے ٹویٹر پیغام میں شیئر کی۔
ویڈیو میں حکومت کی گرین پاکستان کوششوں کو دکھایا گیا ہے اور عالمی اقتصادی فورم کا کہنا ہے کہ پاکستان 2030 تک 60 فیصد بجلی قابل تجدید وسائل سے حاصل کرے گا، پاکستان نے کوئلے سے بجلی بنانے کے تمام منصوبے منسوخ کرکے انہیں پانی سے بجلی بنانے کے پراجیکٹس سے تبدیل کردیا ہے۔
عالمی اقتصادی فورم کا کہنا ہےکہ پاکستان نے 85 ہزار سے زائد ’گرین‘ ملازمتیں پیدا کیں، درخت لگانے کا عمل شروع کرکے جنگلات کا تحفظ یقینی بنایا جارہا ہے، پاکستان نے 15 نئے نیشنل پارک بنائے اور 500 ملین ڈالر کے گرین یورو بانڈز لانچ کیے۔