پی ایس ایل کے بقیہ میچزا بھی کراچی منتقل کیے جائیں،فرنچائزز

02:15 PM, 14 Mar, 2020

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائزز نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پر زور دیا ہے کہ وہ لاہور کے باقی میچوں کو رواں سال کے ایڈیشن میں کراچی منتقل کریں۔

ذرائع کے مطابق فرنچائزز میں سے کچھ کی رائے ہے کہ میچز لاہور یا کراچی میں ہونے سے اسلئے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کیونکہ وہ خالی سٹیڈیم کے سامنے کھیلے جائیںگے۔فرنچائزز نے یہ بھی کہا ہے کہ انہیں ٹیموں کے لاہور جانے کی صورت میں سفری اخراجات بھی برداشت کرنے ہوںگے کیوں کہ فی الحال زیادہ تر ٹیمیں کراچی میں مقیم ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل فائیو کے شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے ایونٹ کے پلے آف میچز کو سیمی فائنل اور فائنل میں تبدیل کردیا ہے۔پی سی بی کی جانب سے کیے گئے فیصلے کے مطابق نئے شیڈول میں دونوں سیمی فائنلز 17 مارچ کو قذافی سٹیڈیم، لاہور میں کھیلے جائیںگے۔پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر موجود ٹیم اب ایونٹ کی چوتھی بہترین ٹیم سے دوپہر 2 بجے پہلے سیمی فائنل میں مدمقابل آئیگی۔

پوائنٹس ٹیبل پر دوسری اور تیسری پوزیشنز پر موجود ٹیموں کے درمیان مقابلہ شام 7 بجے شروع ہوگا۔ایونٹ کا فائنل 18 مارچ بروزبدھ کو شام 7 بجے قذافی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا۔ شیڈول میں تبدیلی تمام ٹیموں کے مالکان کی رضامندی سے کی گئی ہے۔دوسری جانب پی سی بی اس حوالے سے حکومتِ پنجاب سے مسلسل رابطے میں ہے۔

قذافی سٹیڈیم میں شیڈول آئندہ چاروں میچوں میں تماشائیوں کی شرکت کے بارے میں بھی مقامی حکومت کی سفارش پر عمل کیا جائیگا۔ اس حوالے سے حتمی اعلان جلد کردیا جائیگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے تمام فرنچائز مالکان سے کانفرنس کال پر رابطہ کیا جس میں پی ایس ایل میچز شیڈول کے مطابق جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

واضح رہے کراچی میں شیڈول تمام میچز بند دروازوں میں کھیلے جائیں گے جس میں صرف پی سی بی سے منظور شدہ مخصوص افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی۔ پی سی بی نے تمام ملکی وغیرملکی کھلاڑیوں اور اسپورٹنگ اسٹاف کو خواہش کے مطابق پی ایس ایل 5 سے دستبردار ہونیکی اجازت دے دی ہے۔

مزیدخبریں