پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد28 ہوگئی، ایئرپورٹس ، تعلیمی ادارے ، عوامی اجتماعات پر پابندی

01:12 PM, 14 Mar, 2020

اسلام آباد:پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد اٹھائیس ہو گئی ہے اور ملک بھر میں دو ہفتے کیلئے عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 ہوگئی ہے جب کہ گلگت بلتستان میں بھی تین کیس سامنے آئے ہیں۔شادی ہالز میں تقریبات منسوخ کردی گئی ہیں اور سینما گھر بھی دو ہفتے کیلئے بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکومت نے کرونا وائرس کی وبا سے بچنے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات اٹھاتے ہوئے ملک بھر میں تعلیمی ادارے پانچ اپریل تک بند رکھنے اور امتحانات بھی ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔ جبکہ پاکستان کے ایران اور افغانستان سے متصل بارڈرز دو ہفتے کیلئے بند کر دیئے گئے ہیں اور تفتان بارڈر سے آمد و رفت پر مکمل پابندی ہو گی۔

کراچی، لاہوراور اسلام آباد ایئر پورٹس کے علاوہ ملک بھر کے ہوائی اڈوں سے فلائٹ آپریشن بند کر دیئے گئے ہیں۔کرتار پور میں پاکستانی زائرین کے جانے پر پابندی ہے جب کہ بھارتی زائرین کرتار پورآسکیں گے۔

حکومت نے بندرگاہوں پربھی اسکریننگ اور انتظامی معاملات بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔کورونا کی وجہ سے پی ایس ایل کا فارمیٹ بھی تبدیل کردیا گیا ہے اور پلے آف میچز کو سیمی فائنل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

دونوں سیمی فائنل سترہ مارچ اور فائنل اٹھارہ مارچ کو ہو گا۔ قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے کے مطابق لاہور میں بھی پی ایس ایل کے میچز تماشائیوں کے بغیر ہوں گے۔

مزیدخبریں