اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے عوام کو خوشخبری دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ آئندہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تمام میچ پاکستان میں ہونگے۔
وزیراعظم پاکستان عمران خان نے یہ اہم اعلان اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ جس کی وجہ سے آج پاکستان ایک محفوظ ملک ہے۔ آئندہ پی ایس ایل مکمل طور پر پاکستان میں ہوگا۔
اسلام آباد میں آن لائن ویزا کے اجرا کے موقع پر خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں اب سیکیورٹی کا کوئی ایشو نہیں ہے۔ مائنڈ سیٹ تبدیل ہونے سے سرمایہ کار پاکستان آئیں گے۔ وزارت خارجہ کو آن لائن ویزا کے اجرا پر مبارکباد دیتا ہوں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ویزا پالیسی بہت مشکل تھی۔ آن لائن ویزا کا اجرا بہت بڑی تبدیلی ہے۔ یہ نئے پاکستان کی جانب پہلا قدم ہے۔ اس
سے پاکستان میں سیاحت کے فروغ میں اضافہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پشاور میں سیاحت کے فروغ کے لیے ہماری حکومت جرمنی کیساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ ہم ملک میں مذہبی سیاحت میں بھی اضافہ کریں گے۔ ہری پور کے پاس دنیا کا سب سے بڑا سلیپنگ بدھا ہے۔ لوگ پاکستان آئیں گے تو سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے دوبارہ اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن کے راستے پر نکل چکا ہے۔ بھارتی الیکشن تک تھوڑا سا مسئلہ ہوگا۔ بھارت میں الیکشن کے دوران نفرت پھیلائی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ملکوں کیساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے۔ بھارت کیساتھ الیکشن کے بعد اچھے تعلقات ہو جائیں گے۔ پرامن پاکستان ہی خوشحال پاکستان بنے گا۔