بنگلور : ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی نے ٹیسٹ کرکٹ کو شائقین اور کھلاڑیوں کیلئے پر کشش بنانے اور اس میں جدت لانے کے سلسلے میں نو بال پر فری ہٹ اور کاﺅنٹ ڈاﺅن کلاک لگانے کی تجویز دی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے قائم ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی کا اجلاس بنگلور میں ہوا جس میں شائقین کی ٹیسٹ کرکٹ میں دلچسپی بڑھانے اور اس میں تیزی لانے کیلئے کئی بنیادی تبدیلیوں کی تجاویز دی گئی ہیں۔ ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی نے تمام ٹیسٹ میچز میں نو بالز پر فری ہٹ کی تجویز دی ہے۔
ٹیسٹ میچز میں سلو اوور ریٹ کی بڑھتی ہوئی شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے اور اس میں تیزی لانے کیلئے کاﺅنٹ ڈاﺅن کلاک لگانے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔ ٹینس کی طرح ٹیسٹ کرکٹ میں بھی سکور بورڈ کے ساتھ شاٹ کلاک لگائی جائے، اوور کے اختتام سے 45 سیکنڈز، نئے بیٹسمین کے سٹرائیک پر آنے کا دورانیہ 60 سیکنڈز جبکہ باﺅلنگ میں تبدیلی کا دورانیہ 80 اسیکنڈز تک رکھا جائے.
اگر کلاک کے زیرو پر پہنچنے تک کوئی ٹیم کھیلنے کیلئے تیار نہیں ہوتی تو اسے وارننگ جاری کی جائے اور اسی اننگز میں مزید خلاف ورزی پر مخالف ٹیم کو 5 پنالٹی رنز دیئے جائیں۔ اس کے علاوہ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ایک ہی معیار کی گیندیں استعمال کرنے کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔