اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے ڈسٹرکٹ بار کونسل اسلام آباد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قوم نے لازوال قربانیاں دیں اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں وکلا کا بھی خون شامل ہے۔ امن کیلئے قربانیاں دینے والوں کو کبھی نہیں بھولنا چاہیے۔
انہوں نے کہا بار ایسوسی ایشنز اور دیگر عمارتیں بہتر ہونی چاہئیں اور عدالتی نظام میں اصلاحات سے عام آدمی کو فائدہ دیا جا سکتا ہے۔ عدالتی نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے جو حکومت یہ سمجھے کہ عدالت کے بغیر اصلاحات آ سکتی ہیں تو ایسا ممکن نہیں اور جب بھی لا ریفارمز ہوں گی تو اس سے معیشت بہتر ہو گی۔
فواد چودھری نے کہا ہے کہ احتساب پر سمجھوتہ نہیں ہو سکتا جبکہ نشانہ بنانے کی بات فیشن ہے۔ بلاول نے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا بیان دیا لیکن سندھ کے حالات دیکھ کر لگتا ہے جیلیں ویسے ہی بھر جائیں گی۔
فواد چودھری کا کہنا تھا امیر آدمی کیلئے جیل بھی فائیو سٹار ہوٹل ہے جبکہ غریب آدمی کیلئے گھر بھی جیل ہے۔ عدالتی نظام میں وکلا کے بغیراصلاحات ممکن نہیں اور ہائیکورٹس میں ججز کی تعداد پوری کرنے سے انصاف کا عمل تیز ہو گا۔