لاہور: پاکستان اور بھارت کے درمیان کرتارپور راہداری منصوبے پر مذاکرات جاری ہیں۔ سرحد پار اٹاری میں دونوں ممالک کے وفود کے درمیان بات چیت جاری ہے۔ وزارت خارجہ میں ڈی جی ساؤتھ ایشیا اور ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔
پاکستانی وفد میں وزارت خارجہ و داخلہ، قانون و انصاف اور مذہبی امور کے حکام شامل ہیں۔ گزشتہ روز کرتار پور راہداری مذاکرات کے لیے پاکستان کے نائب ہائی کمشنر سید حیدر شاہ بھارتی شہر امرتسر پہنچے تھے۔
Meeting between the delegations of #Pakistan and #India is underway at Attari.#PakKartarpurSpirit #RoadToPeace pic.twitter.com/RwP2iGHKeh
— Dr Mohammad Faisal (@ForeignOfficePk) March 14, 2019
بھارتی حکام سے ملاقات میں کرتار پور راہداری سے پاکستان جانے کے لیے ویزہ استثنیٰ کے معاملے پر بھی بات کا امکان ہے۔
بھارت روانگی سے قبل واہگہ بارڈر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ آج کرتا پور راہداری پر بات چیت سے متعلق اٹاری جا رہے ہیں۔ اس راہداری سے نا صرف سکھ برادری کو سہولت ملے گی بلکہ دونوں ملکوں کے درمیان امن بھی ہو گا۔
ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا ہماری سوچ ہے کہ ایک شجر ایسا لگایا جائے کہ ہمسائے کے گھر میں بھی سایہ جائے۔ ہماری میٹنگ کرتار پور راہداری کھولنے سے متعلق ہے اور ہم مذاکرات کے لیے مثبت پیغام لے کر جا رہے ہیں۔