کراچی: سمندری طوفان بپر جوائےاپنی شدت برقرار رکھے ہوئے ہے۔ سمندری طوفان کراچی سے 340، کیٹی بندر سے 275 اور ٹھٹھہ سے 355 کلو میٹر دور ہے. سمندر میں لہریں 30 سے 40 فٹ بلند ہیں جبکہ طوفان کےگرد150 سے160کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتارسےہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بپرجوائے اس وقت کیٹیگری 3 کا طوفان ہے، ممکنہ طور پر کل کمزور ہوکر کیٹیگری 2 میں تبدیل ہوجائے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کسی بھی وقت طوفان کارخ شمال مشرق کی جانب ہوجائےگا۔ طوفان کل شام کیٹی بندراوربھارتی گجرات کےساحل سےٹکرائےگا۔
بپر جوائے کے سندھ کی ساحلی پٹی پر اثرات نمودار ہوچکے ہیں، کئی شہروں میں وقفے وقفے سے کبھی ہلکی اور کبھی تیز بارش جاری ہے، محکمہ موسمیات نےکراچی سمیت سندھ کے ديگر شہروں میں آج سے جمعرات اور جمعہ تک طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق آج سے 17 جون تک ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر، میرپورخاص عمر کوٹ میں شدید آندھی کا خدشہ ہے، ان اضلاع میں تیزہواؤں کے جھکڑ 120 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ہوسکتے ہیں۔ جبکہ کیٹی بندر اور ملحقہ علاقوں میں 12 فٹ کی لہریں سیلابی صورتحال پیدا کرسکتی ہیں۔
دوسری جانب سمندر سے واپس لوٹنے والے ماہی گيروں کے مطابق سمندر میں شدید طغيانی اور جھکڑ چل رہے ہیں جبکہ شہر میں سمندری ہوائیں بند ہیں۔